A TOPICAL URDU POETRY BY DR AHMAD ALI BARQI AZMI FOR MUSHAIRA IDARA E A…
[youtube https://www.youtube.com/watch?v=5XJE7UGbCqc]
عالمی بیسٹ اردو پوئیٹری واٹس ایپ گروپ کی منفرد موضوعاتی محفل سخن بعنوان ’’دکھ‘‘ کے لئے میری طبع آزمائی
(مجھ سے دیکھا نہیں جاتا کسی انسان کا دکھ)
احمد علی برقی اعظمی، نئی دہلی
اُن کو ہے اپنی فقط گھٹتی ہوئی شان کا دکھ
مجھ سے دیکھا نہیں جاتا کسی انسان کا دکھ
منتشر آج ہے شیرازۂ ملت اپنا
ہے کہیں شیخ کا دکھ اور کہیں خان کا دکھ
سبھی ذی روح ہیں طوفانِ حوادث کے شکار
دکھ تو دکھ ہے، وہ ہو انسان کہ حیوان کا دکھ
خونِ انساں کی تجارت نہیں دیکھی جاتی
ہے یہی آج مرے ذہنِ پریشان کا دکھ
ہیں وہ کیوں جان کے انجان مرا سوزِ دروں
نظر آتا نہیں کیوں ان کو مری جان کا دکھ
میری نظروں میں برابر ہے سبھی کی تکلیف
ہو شناسا کا مرے یا کسی انجان کا دکھ
نظم کی راہ دکھائی ہے جو حالیؔ نے ہمیں
ختم ہوتی ہوئی اب اس کی ہے پہچان کا دکھ
جَل گیا شعلۂ نفرت میں جو گھر اس کا ہے غم
مجھ کو برقیؔ نہیں اپنے سر و سامان کا دکھ