کی خدا نے مصطفی کی وہ پذیرائی کہ بس نعت رسول مقبول ﷺ : احمد علی برقی اعظمی
نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم
شاعر : ڈاکٹر احمد علی برقی
کی خدا نے مصطفی کی وہ پذیرائی کہ بس
ان کی کی عالم میں ایسی عزت افزائی کہ بس
رحمت الللعالمیں کا بخش کر ان کو لقب
ان کی کی عالم میں ایسی عزت افزائی کہ بس
ان کی عملی زندگی کی ہیں یہ دلکش شاہکار
ہے احادیث نبی میں ایسی دانائی کہ بس
رکھتے ہیں جو اپنے جان و دل سے بھی ان کو عزیز
ہیں محمد مصطفی کے ایسے شیدائی کہ بس
کون ہے دشنام سن کر بھی جو دیتا ہے دعا
ان کے حسن خلق میں تھی وہ دل آرائی کہ بس
خود سے بے خود کر دیا ان کے تصور نے مجھے
ذہن و دل پہ ایسی یاد مصطفیٰ چھائی کہ بس
سورہ والیل پڑھ کر جھوم اٹھے ہیں اہل دل
ان کی زلفوں کی خدا نے یوں قسم کھائی کہ بس
دامن ِ دل کھینچتی ہے سب کا وہ اپنی طرف
گلشن ِ اسلام میں ہے ایسی پروائی کہ بس
وجد کرتے تھے صحابہ دیکھ کر ان کا خلوص
روح پرور ان کی ایسی تھی جبیں سائی کہ بس
ہیں وہی شمس الضحی بدرلدجٰی نور الہدیٰ
ذات اقدس میں ہے ان کے ایسی رعنائی کہ بس
سن کے تھے کوہ صفا سے دم بخود اہل عرب
ایسی جامع آپ نے تقریر فرمائی کہ بس
جانی دشمن بھی انہیں برقی سمجھتے تھے امین
ان کے قول و فعل میں تھی ایسی گیرائی کہ بس