حمد خدائے بزرگ و برتر :احمد علی برقیؔ اعظمی
حمد خدائے بزرگ و برتر
احمد علی برقیؔ اعظمی
ہے تو ہی عالم آرا پروردگار عالم
ہرسو ترا نظارا پرورگار عالم
کیسے کروں گذارا پروردگار عالم
بس ہے ترا سہارا پروردگار عالم
مختار کُل تو ہی ہے محتاج سب ہیں تیرے
کچھ بھی نہیں ہمارا پروردگار عالم
فضل و کرم سے اپنے تو بخش دے وہ مجھ کو
جو ہو تجھے گوارا پروردگار عالم
ہے بحرِ بیکراں میں جس کا گِھرا سفینہ
ملت ہے بے سہارا پروردگار عالم
میں گُل سمجھ رہا تھا جوشِ جنوں میں جس کو
ہے مثلِ سنگِ خارا پروردگار عالم
کر سکتا ہے مسخر تو دل کو اُس کے جس سے
میں جیت کر بھی ہارا پروردگار عالم
اظہارِ مدعا کیا اپنا کروں میں تجھ سے
ہے تجھ پہ آشکارا پروردگار عالم
فضل و کرم کا تیرے محتاج ہے یہ برقیؔ
رنج و الم کا مارا پروردگار عالم