ادبی دنیا (اردو شاعری) کے بین الاقوامی آن لائن فی البدیہہ طرحی مشاعرے بتاریخ ۲۷ مئی ۲۰۱۸ کے لئے میری طبع آزمائی احمد علی برقیؔ اعظمی
ادبی دنیا (اردو شاعری) کے بین الاقوامی آن لائن فی البدیہہ طرحی مشاعرے بتاریخ ۲۷ مئی ۲۰۱۸ کے لئے میری طبع آزمائی
احمد علی برقیؔ اعظمی
وجہہِ وجودِ عالمِ امکاں جو نام ہے
کون و مکاں میں بس وہی خیرالانام ہے
نازل ہوا جو اس پہ خدا کا کلام ہے
اس کا ہے جو پیام خدا کا پیام ہے
فرمایا اس نے جو بھی وہ نقشِ دوام ہے
اسلام کا نظام اسی کا نظام ہے
بعد از خدا سبھی سے ہے افضل اسی کی ذات
سب سے بلند اس کا جہاں میں مقام ہے
ہے اُس کے بعد ختم نبوت کا سلسلہ
ہیں جتنے ابنیا وہ سبھی کا امام ہے
خود مدح خواں ہو جس کا خداوندِ ذوالجلال
لازم سبھی کو اس پہ درود و سلام ہے
حسان سے بڑا نہیں کوئی بھی نعت خواں
برقیؔ رسولِ پاک کا ادبیٰ غلام ہے