یاد رفتگاں: بیاد قیصر صدیقی سمستی پوری مرحوم تاریخ وفات : ۴ ستمبر ۲۰۱۸ احمد علی برقیؔ اعظمی
یاد رفتگاں: بیاد قیصر صدیقی سمستی پوری مرحوم
تاریخ وفات : ۴ ستمبر ۲۰۱۸
احمد علی برقیؔ اعظمی
نہیں رہے قیصر صدیقی تھے جو سمستی پور کی شان
جن کی تھی دنیائے ادب میں سب سے الگ اپنی پہچان
ہیں تاریخ ادب کی زینت ان کی نظمیں اور غزلیں
شاید ہی ادبی دنیا میں ہو ان سے کوئی انجان
ٹی سیریز میں مل جائیں گے ان کے صدہا اردو گیت
وردِ زباں قوالوں کے ہے ان کی غزلوں کا دیوان
جن میں رہتے تھے اکثر وہ سب کی توجہ کا مرکز
ہو گئی محفلِ شعر و سخن وہ ان کے جانے سے سنسان
گنگا جمنی قدروں کو اس دور میں وہ دیتے تھے فروغ
رکھتے تھے ملحوظ ہمیشہ سب کے ذوق کا وہ سامان
کرتے تھے سب کی دلجوئی جو بھی ان سے ملتا تھا
اسی لئے مداح ہیں ان کے بچے بوڑھے اور جوان
انسانی قدروں کو بناتے تھے اپنا موضوعِ سخن
ان کی کتاب زیست کا برقیؔ ہے بیحد دلکش عنوان