ہفت روزہ فیس بُک ٹائمز کے ۴۰ ویں عالمی آنلاین فی البدیہہ نعتیہ طرحی مشاعرے بتاریخ ۲۸ مئی ۲۰۱۸ کے لئے میری نذرِ عقیدت بحضور رسول اکرم ﷺ : احمد علی برقی اعظمی

ہفت روزہ فیس بُک ٹائمز کے ۴۰ ویں عالمی آنلاین فی البدیہہ نعتیہ طرحی مشاعرے بتاریخ ۲۸ مئی ۲۰۱۸ کے لئے میری نذرِ عقیدت بحضورِ رسول اکرم
احمد علی برقی اعظمی
یوں ضوفشاں ہے شمعِ رسالت کی روشنی

’’ در آئی حرف حرف میں مِدحت کی روشنی‘‘

وجہہِ وجود عالمِ امکاں ہے ان کی ذات
کون و مکاں میں ان کی ہے عظمت کی روشنی
روشن ہیں جس سے لوح و قلم  اور کائنات
نورِ نبی ہے مہر و محبت کی روشنی
جلوہ نما ازل سے ابد تک رہے گا جو
پیغامِ مصطفیٰ ہے ہدایت کی روشنی
سب کے لئے جو وجہہِ سعادت ہے حشر تک
ہوگی نہ ختم ان کی شریعت کی روشنی
سب کی نجات ان کے کرم پر ہے منحصر
یکساں ہے سب پہ ان کی شفاعت کی روشنی
برقیؔ ہے صرف رحمتِ عالم انھیں کی ذات
درکار سب کو ان کی ہے رحمت کی روشنی
ہفت روزہ فیس بُک ٹائمز کے ۴۰ ویں عالمی آنلاین فی البدیہہ نعتیہ طرح مشاعرے بتاریخ ۲۸ مئی ۲۰۱۸ کے لئے میری دوسری کاوش
احمد علی برقی اعظمی
اسلام کی جہاں میں ہے عظمت کی روشنی
محبوبِ کبریا کی صداقت کی روشنی
ان کی نظر میں ادنیٰ و اعلیٰ نہیں کوئی
ہے دلنواز ان کی عدالت کی روشنی
حاصل اُنھیں کو صرف ہے معراج کا شرف
اوجِ فلک پہ ان کی ہے روعت کی روشنی
قرآن میں ہے سورۂ واللیل سے عیاں
محبوب اور محب کی محبت کی روشنی
طٰہ کہیں کہیں ہے مزمل کی شکل میں
جلوہ نما رسول کی مِدحت کی روشنی
گر دیکھنا ہے  اسوۂ حسنہ میں دیکھ لیں
بکھری ہے ان کی صورت و سیرت کی روشنی
برقی ہے ختم ان پہ نبوت کا سلسلہ
ہے لازوال ان کی نبوت کی روشنی