ہفت رروزہ فیس بُک ٹائمز کے ۴۳ ویں عالمی آنلاین فی البدیہہ طرح مشاعرے بتاریخ ۱۸ جون ۲۰۱۸ کے لئے میری کاوش احمد علی برقی اعظمی


ہفت رروزہ فیس بُک ٹائمز کے ۴۳ویں عالمی آنلاین فی البدیہہ طرح مشاعرے بتاریخ ۱۸ جون ۲۰۱۸ کے لئے میری کاوش

احمد علی برقی اعظمی

رسمِ اظہار محبت کو نبھا کر دیکھو

دل سے دل چاہنے والوں کے مِلا کر دیکھو
ہم کو آپس میں لڑاکر جو جدا کرتی ہے
بُغض و نفرت کی وہ دیوار گِرا کر دیکھو
کیوں ہو گُم سُم کہو کیا حال ہے کچھ تو بولو
نیچی نظروں کو اِدھر اپنی اُٹھا کر دیکھو
بوجھ جو دل پہ ہے ہو جائے گا اِس سے ہلکا
ہنسو دل کھول کے مجھ کو بھی ہنس کر دیکھو
بدگمانی کا نہیں ہے کہیں دنیا میں علاج
پاس آؤ ہمیں نزدیک سے آکر دیکھو
کیوں اندھیرے میں الگ اور تھلگ بیٹھے ہو
’’ دھوپ میں نکلو گھٹاؤں میں نہا کر دیکھو ‘‘
گرمجوشی سے وہ تم سے بھی مِلے گا آکر
ہاتھ برقی کی طرف اپنے بڑھا کر دیکھو