نئی ریختہ ایپ: عاشقان اردو کے لیے ایک اور تحفہ

نئی ریختہ ایپ: عاشقان اردو  کے لیے ایک اور تحفہ
ریختہ ویب سائٹ کا آغاز اب سے سات برس پہلے چند شاعروں کی تخلیقات اور ادیبوں کی لکھی کچھ کتابوں سے ہوا تھا لیکن آج ریختہ ویب سائٹ دنیا بھر میں کسی بھی زبان اور اس کے ادب کا سب سے بڑا ذخیرہ رکھنے والی ویب سائٹ کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ اس چھوٹے سے عرصے میں ریختہ  کےلیے جو بڑی حصولیابیاں رہی ہیں ان میں اردو کی تمام اچھی شاعری، نثر ی تحریریں، اردو ای- لرننگ پورٹل اور ۸۰ہزار سے زیادہ اردو   ای-کتابوں کی مفت فراہمی ہے۔
ریختہ فاؤنڈیشن ڈیجٹل اسپیس میں اردو کی ترقی اور ترویج کے لیے مسلسل  کام کرتی جارہی ہے۔اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ریختہ ویب سائٹ کی نئی اینڈرائیڈ ایپلیکیشن  کا اجرا ہے۔ ریختہ ایپلیکیشن پلے اسٹور اور ایپ اسٹور پر پہلے بھی موجود تھی لیکن نئی ریختہ ایپ ٹیکنالوجی کے جدید معیار، صارفین کی نئی توقعات اور سہولت کو سامنے رکھ کر بنائی گئی ہے۔ یہاں آپ بہت آسانی  سے اپنی پسند کی شاعری، شاعر،  کہانیاں، اور دیگر ادبی تحریریں تلاش کرسکتے ہیں اور پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اپنی پسندیدہ تحریروں کا ذاتی گوشہ بنا سکتے ہیں۔ ریختہ ایپ پر اس وقت  چارہزار سے زیادہ شاعروں کی ستر ہزار سے زیادہ تخلیقات، تقریبا چار ہزار اردو کہانیاں اور مضامین مفت دستیاب ہیں۔ اور اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
نئی ریختہ ایپ میں شاعری کی تقریبا تمام اصناف کو شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس سے پہلے ریختہ ایپ پر صرف غزلیں، نظمیں اور اشعار دستیاب تھے لیکن اب آپ مرثیہ، قصیدہ، مثنوی، قطعہ، رباعی جیسی اصنا ف  میں تخلیق کی گئی شاعری  بھی پڑھ سکتے ہیں۔
ایپ کے اس نیے ورژن میں ایک اہم اضافہ نثری تحریروں کی شمولیت ہے۔ اس وقت ریختہ ایپ پر چار ہزار سے زیادہ کہانیاں، مضامین، خاکے اور مزاحیہ تحریریں پڑھی جاسکتی ہیں۔
ریختہ اپلیکیشن  بھی ریختہ ویب سائٹ کی طرح اردو، دیوناگری اور رومن تینوں رسم الخط میں مواد فراہم کرتی ہے۔ مزید یہ کہ قرأت کی آسانی کے لیے تمام متون کے ساتھ انبلٹ  لغت کے ذریعے کوئی بھی قاری کسی بھی لفظ کے معنی لفظ پر کلک کرے قرأت کے دوران ہی جان سکتا ہے۔  انبلٹ لغت کے علاوہ  ’ریختہ لغت‘ ریختہ ویب سائٹ اور ریختہ ایپ کا ایک اہم فیچر ہے۔ ریختہ کی کوشش رہی ہے کہ ایک ایسی لغت تیار کی جائے جو اردو  الفاظ کے معنی اردو کے ساتھ ہندی اور انگلش تینوں زبانوں میں فراہم کرے۔ ریختہ کا یہ پراجیکٹ دنیا بھر میں اردو کی سب سے بڑی اردو لغت بنانے  کا پراجیکٹ ہے۔ ابھی یہ اپنے ابتدائی مرحلے میں اور ریختہ ٹیم اس کے لیے ہر روز ایک نیے جذبے کے ساتھ کام کررہی ہے۔ فی الحال آپ ریختہ ایپ میں لغت کے ابتدائی ورژن سے استفادہ کرسکیں گے۔
مصوَّر شاعری اور  شاعروں کی اپنی آواز اور دیگر فن کاروں کی آواز میں ہزاروں آڈیوز اور ویڈیوز ریختہ ایپ کے دو اور اہم سیکشن ہیں۔ ریختہ کی کوشش رہی ہے کہ تمام شاعروں کی آوازوں کو ان کی شاعری کے ساتھ محفوظ کیا جائے۔ اس سلسلے میں ریختہ کی کوششیں کامیاب رہی ہیں اور اس وقت ریختہ ایپ پر سات ہزار آڈیوز اور ویڈیوز سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔

اگر آپ اردو زبان وادب سے دلچسپی رکھتے ہیں اور صرف ایک کلک میں اپنی موبائل اسکرین پر اردو شاعری، کہانیاں، مضامین، مزاحیہ  تحریریں پڑھنا چاہتے ہیں تو ریختہ ایپ آپ کے لیے ایک بیش قیمت تحفے سے کم نہیں۔ آپ ریختہ ایپ پلے اسٹور  یا ایپ اسٹو ر سے ڈاؤنلوڈ کرسکتے ہیں۔