ماہِ رمضان گناہوں کو مِٹا دیتا ہے : احمد علی برقی اعظمی

ماہِ رمضان گناہوں کو مِٹا دیتا ہے

احمد علی برقیؔ اعظمی

ماہِ رمضان گناہوں کو مِٹا دیتا ہے

شر سے شیطان لعیں کے یہ بچا دیتا ہے

ہے یہ وہ ماہ کہ ستر گُنا جس میں اللہ

نیک اعمال کی بندوں کو جزا دیتا ہے

ہے یہی ماہ کہ نازل ہوا جس میں قرآں

ہے یہ وہ ماہ جو ایماں کو جلا دیتا ہے

رزق ہوجاتا ہے بندوں کا کشادہ اس میں

خوانِ نعمت یہ ہر اک گھر میں بچھا دیتا ہے

کھول کر اس میں درِ رحمتِ یزدان ہاتف

ہے کوئی مانگنے والا یہ صدا دیتا ہے

کرکے تسبیح و مناجات سے دل کو سرشار

اجر یہ ماہ عبادت کا بڑھا دیتا ہے

سینۂ حافظِ قرآن کو کشادہ کرکے

سرِ تسلیم یہ بندوں کا جُھکا دیتا ہے

ذہن میں عید کی سوغات کو رکھ کر تازہ

سب کا یہ غنچۂ امید کِھلا دیتا ہے

ماہِ رمضان ہے وہ ماہِ مقدس برقیؔ 

دل سے دل بندۂ مومن کا مِلا دیتا ہے