’’ دینَ محمدی کو بچایا حسین نے ‘‘ : سائبان ادبی گروپ کے ۹۰ ویں عالمی منقبتی مشاعرے کے لئے میری نذرِ عقیدت بحضور سید الشہدا حٖضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ : احمد علی برقی اعظمی

سائبان ادبی گروپ کے ۹۰ویں عالمی منقبتی مشاعرے کے لئے میری نذرِ عقیدت بحضور سید الشہدا حٖضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ

احمد علی برقی اعظمی

جوفرضِ عین تھا وہ نبھایا حسین نے

’’ دینَ محمدی کو بچایا حسین نے ‘‘
خونِ جگر سے سینچ کے میدانِ کربلا
گلزارِ دینِ حق کو سجایا حسین نے
شایاں ہے ان کو سیدِ شبان کا خطاب
جو پاسکا نہ کوئی وہ پایاحسین نے
’’ قتلِ حسین اصل میں مرگِ یزید ہے ‘‘
سچ کرکے اس کو رن میں دکھایا حسین نے
سردے کے راہ حق میں ہیں تاحشر سُرخرو
باطل کے آگے سر نہ جُھکایا حسین نے
نام و نشاں یزید کا باقی نہیں ، جسے
حَرفِ غَلط کی طرح مِٹایا حسین نے
اسلام کی بقا سے نہیں بڑھ کے اپنی جان
حسنِ عمل سے اپنے جتایا حسین نے
شیرِ خدا دکھاتے تھے جو رزمگاہ میں
برقی وہ کام کرکے دکھایا حسین نے