تحریک اسلامی کی مثبت اقدار کے مبلغ اور ممتاز ادیب صحافی اور سخنور جناب انتظار نعیم کی 424 صفحات پر مشتمل کتاب ” اجالوں میں سفر کی تقریب رونمائی پر منظوم تاثرات ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی

تحریک اسلامی کی مثبت اقدار کے مبلغ اور ممتاز ادیب صحافی اور سخنور جناب انتظار نعیم کی 424 صفحات پر مشتمل کتاب ” اجالوں میں سفر کی تقریب رونمائی پر منظوم تاثرات
ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی
یہ اُجالوں میں سفر تحریک اسلامی کے ساتھ
ہے نہایت روح پرور داستانِ انتظار
رونمائی کی ہے یہ تقریب اس کی خوشگوار
دن بہ دن بڑھتا رہے اس کا یونہی عز و وقار
ایک مردِ باعمل کی ہے یہ ایسی خود نوشت
رزمگاہِ زندگی میں جو چلا مردانہ وار
ہے جو اک شاعر، مصنف اور مقرر رلاجواب
سارے انسانوں کے غم میں رہتا ہے جو بیقرار
جاری و ساری ہے اُس کا آج بھی علمی سفر
دیتے ہیں جس کی شہادت اس کے علمی شاہکار
اک نمونہ اس کا ہے پیش نظر یہ خود نوشت
جی میں آتا ہے اسے پڑھتے رہیں ہم بار بار
دعوت فکروعمل دیتی ہے اس کی پیشرفت
جس کے ہیں مداح اربابِ نظر میں بیشمار
ایک گنجِ شایگاں ہیں اس کے رشحاتِ قلم
علم و دانش کے کئی ہیں اس میں دُرِ شاہوار
پیکر صدق و صفا ہے جس کی اپنی شخصیت
عینی شاہد جس کا خود برسوں سے ہے یہ خاکسار
میرے کہنے پر نہ جائیں آپ خود ہی دیکھ لیں
یہ ’’ اُجالوں میں سفر ‘‘ جس کا ہے اک آئینہ دار
صدق دل سے اُن کا برقی اعظمی ہے قدرداں
جن کی حق گوئی و بیباکی ہے خود اپنا شعار