دن رات گذاریں گے سرکار کی مدحت میں ۔ عبدالرحیم حزیں اعظمی کے زیرِ صدارت بزم سخنواراں کے ۲۱۷ ویں عالمی آنلاین فی البدیہہ نعتیہ طرحی مشاعرے کے لئے میری طبع آزمائی احمد علی برقی اعظمی
عبدالرحیم حزیں اعظمی کے زیرِ صدارت بزم سخنواراں کے ۲۱۷ ویں عالمی آنلاین فی البدیہہ نعتیہ طرحی مشاعرے کے لئے میری طبع آزمائی
احمد علی برقی اعظمی
محبوب خدا ہیں وہ ہم جن کی ہیں امت میں
” دن رات گذاریں گے سرکار کی مدحت میں “
کرتا ہوں جو پیش ان کو اشعار کی صورت میں
خوشبوئے محبت ہے گُلہائے عقیدت میں
اظہار محبت ہے خلاق دوعالم کا
واللیل اذا یغشی قرآن کی آیت میں
مشغول زیارت ہیں جو گنبد خضرا کی
ہیں شاہ وگدا یکساں دربار رسالت میں
ہیں رحمتِ عالم وہ شیدا ہے خدا جن کا
کام آئیں گے محشر میں وہ سب کی شفاعت میں
تخلیقِ دوعالم کا سہرا ہے اُنہیں کے سر
سب لوح و قلم اُن کے ہیں سایۂ رحمت میں
کرسکتا نہیں کوئی توصیف رقم اُن کی
جو کچھ بھی لکھا جائے سرکار کی مِدحت میں
بھائی ہیں حزیں میرے ہے فخر مجھے ان پر
یہ نعت کی محفل ہے اب جن کی صدارت میں
معراج کا اے برقی حاصل ہے شَرَف جن کو
ہوگی نہ کمی واقع اُن کی کبھی عظمت میں