تونے جس بات پہ کہرام بچا رکھا ہے ۔ ۲۶ ویں عبدالستار مفتی میموریل آن لائن فی البدیہہ طرحی مشاعرے کے لئے میری دوسری کاوش احمد علی برقی اعظمی

۲۶ویں عبدالستار مفتی میموریل آن لائن فی البدیہہ طرحی مشاعرے کے لئے میری دوسری کاوش
احمد علی برقی اعظمی
جس نے کہرام زمانے میں مچا رکھا ہے
نگہہِ ناز میں وہ تیر قضا رکھا ہے
جس سے روشن ہے مری شمعِ شبستانِ حیات
تیری الفت کا دیا دل میں جلا رکھا ہے
محو حیرت ہیں ترا دیکھ کے وہ حسن و جمال
چاند تاروں نے بھی منھ اپنا چھپا رکھا ہے
کب اسے آکے تو آباد کرے گا آخر
قصر دل تیرے لئے اپنا سجا رکھا ہے
غمزہ و ناز و ادا ہوش ربا ہیں تیرے
جس نے مجھ کو ترا دیوانہ بنا رکھا ہے
مار ڈالے نہ یہ دزدیدہ نگاہی تیری
انگلیوں پر مجھے کیوں اپنی نچا رکھا ہے
حسن برقی کے لئے ہے یہ ترا توبہ شکن
جس نے رکھا یہ ترا نام بجا رکھا ہے